ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  کسان تحریک کا 28 واں دن: وزیر زراعت کا بیان کسانوں کو  جو بھی تبدیلیاں چاہیے، بتائیں، ہم بدلاؤ کیلئے ہیں تیار 

 کسان تحریک کا 28 واں دن: وزیر زراعت کا بیان کسانوں کو  جو بھی تبدیلیاں چاہیے، بتائیں، ہم بدلاؤ کیلئے ہیں تیار 

Wed, 23 Dec 2020 23:12:55    S.O. News Service

نئی دہلی، 23دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) زرعی قوانین کیخلاف کسانوں کے احتجاج کا آج 28 واں دن ہے۔ گزشتہ اتوار کی شب کسان کومذاکرات کی دعوت کا جو خط  بھیجاگیاتھا، کسان اس خط کا جواب دیں گے۔

یہاں وزیر زراعت نے کہا ہے کہ کسان ہماری تجویز سے جو بھی شامل کرنا،یا ہٹانا چاہتے ہیں، ہمیں بتائیں، ہم ان کی سہولت کے حساب سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ امید ہے کہ کسانوں کی تنظیم ہماری اپیل پر غور کریں گی اور جلد ہی اس کا حل تلاش کریں گی۔

دہلی کے سنگھو بارڈر پر احتجاج کرنے والے کسانوں کا کہنا تھا کہ ہم 24 گھنٹے بات کرنے کے لئے تیار ہیں، لیکن حکومت بات نہیں کرنا چاہتی، کیونکہ ان کی نیت میں ’کھوٹ‘ ہے۔وہیں خالصہ اینڈ نے ٹکری بارڈر پر کسان مال کھول لیا ہے، یہاں تمام کاشتکاروں کو ایک فارم دیا گیا ہے، جس میں مختلف مصنوعات کے خانے ہیں، کسانوں کو جس چیز کی بھی ضرورت ہے، وہ اس خانہ کے آگے’ہاں‘ کا نشان لگاکر مال سے وہ سامان لے سکتے ہیں۔کسانوں کو مال میں سوئی سوت سے لے کر جوتے اور تھرملز تک سب کچھ ملے گا۔

ٹکری بارڈر پر احتجاج کرنے والے کسان نے کہا کہ یوم کسان کے دن میں مودی سرکار کو یہی بتانا چاہتا ہوں کہ زرعی قوانین کو واپس لئے جائے اور آج کے دن ’یوم ِ کسان‘ کا ہمیں گفٹ دیں،کیوں کہ آج کا کسان تعلیم یافتہ ہے،ہ ان قوانین سے بخوبی واقف ہے۔وہیں مغربی بنگال کے وزیر اعلی اور ترنمول کی چیف ممتا بنرجی کی ہدایت پر ان کی پارٹی کے 5 ممبران پارلیمنٹ نے سنگھو بارڈر پر کسانوں سے ملاقات کی۔ ان میں ڈیریک او برائن، شتابدی رائے، پرسون بنرجی، پرتیما منڈل اور محمد ندیم الحق شامل تھے۔

کانگریس نے زرعی قوانین کو واپس لینے کے لئے صدرجمہوریہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ 24 دسمبر کو راہل گاندھی کی قیادت میں 2 کروڑ کسانوں کے دستخط کے ساتھ ایک  میمورنڈم صدر جمہوریہ کو پیش کیا جائے گا۔جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی 25 دسمبر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ 6 ریاستوں کے کسانوں سے بات کریں گے۔ یہ گفتگو وزیر اعظم کسان سمان نیدھی منصوبہ کی اگلی قسط کو جاری کرنے کے پروگرام کے دوران ہوگی۔جب کہ کسانوں کی بھوک ہڑتال جاری ہے، ہر روز دہلی، ہریانہ اور اتر پردیش کی سرحدوں پر 11 کسان وہاں 24 گھنٹے ’اپواس‘پر بیٹھے ہیں، یہ سلسلہ پیر سے جاری ہے۔آج یوم کسان ہے۔

اس موقع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کسانوں کو مبارکباد پیش کی ہے، راج ناتھ نے کہا کہ کسان ملک کو خوراک و تغذیہ کا تحفظ کرتے ہیں۔ ’کچھ‘کسان زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، حکومت ان سے پوری حساسیت کے ساتھ بات کر رہی ہے۔ امید ہے کہ وہ جلد ہی تحریک ختم کردیں گے۔


Share: